حکومت کی جانب سے بولٹن میں تفریح، مہمان نوازی اور ہاؤسنگ کے کاروبار کیلئے گرانٹ کا اعلان

January 18, 2022

بولٹن (ابرارحسین ) بولٹن میں تفریح، مہمان نوازی اور رہا ئشی منصوبوں کا کاروبار کرنے والوں کیلئے حکومتی امدادی پروگرام میں حصے کے طور پر 6,000 پونڈ تک کی گرانٹ کے اہل ہیں۔ گزشتہ سال دسمبر میں، چانسلر رشی سوناک نے مقامی کاروباری طبقہ کو یک طرفہ گرانٹ فراہم کرنے کے لیے اسکیم کا اعلان کیا تھا جوکوویڈ 19اور اومی کرون جیسی اقسام سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔ برطانیہ بھر میں بہت سے کاروبار جیسے کہ پب اور ریستوراں میں عام طور پر مصروف تہوار کے دوران لوگوں کی تعداد میں کمی دیکھی گئی۔ بولٹن کونسل درخواست دینے کے طریقہ کے بارے میں مزید معلومات کے ساتھ اہل کاروبار سے براہ راست رابطہ کرے گی۔ معلومات کو آن لائن بھی شائع کیا جائے گا۔ یہ فنڈنگ ​​دیگر موجودہ حکومتی امدادی اقدامات کے ساتھ ہے، جس میں کاروباری شرحوں میں ریلیف اور مہمان نوازی کی فرموں کے لیے VAT میں کمی شامل ہے۔ دیگر مقامی کاروباروں کی مدد کے لیے کونسلوں کو صوابدیدی فنڈنگ ​​بھی دی گئی ہے۔ بولٹن کونسل جلد ہی اس بات کی تصدیق کرے گی کہ یہ اضافی فنڈنگ ​​کس طرح مختص کی جائے گی اور مقامی سطح پر کاروبار کرنے والے کیسے درخواست دے سکتے ہیں۔ بولٹن کونسل کے لیڈر، کونسلر مارٹن کاکس نے کہا کہ جیسا کہ ہم نے پورے یوکے میں دیکھا، بولٹن کے بہت سے رہائشیوں نے کرسمس کے موقع پر اومی کرون جیسے وبائی مرض میں مبتلا ہونے یا پھیلانے کے خطرے سے بچنے کے لیے گھر پر رہنے کا فیصلہ کیا۔ بدقسمتی سے، اس وبائی مرض نے بہت سے بہترین تفریحی اور مہمان نوازی کے مقامات کو متاثر کیا جو ہمارے پاس پورے بورو میں ہیں۔ کونسل لیڈر نے مزید کہا کہ ہم جلد ہی مقامی کاروباری اداروں سے اس بات کی تفصیلات کے ساتھ رابطہ کریں گے کہ اس مشکل وقت میں ان کی کیسے مدد کی جائے اور اس گرانٹ اسکیم سےوہ کیسے فائدہ اٹھاسکتے ہیں، یقیناً، مہمان نوازی ہی واحد شعبہ نہیں ہے جو اس قسم کی زد میں آیا ہےبلکہ ہم صوابدیدی فنڈز کے استعمال کے ذریعے دیگر کاروباری طبقہ کے لیے بھی اضافی تعاون کا اعلان کریں گے۔