پیپلز پارٹی عوام کو مشکلات سے نکالے گی، خواجہ کلیم الرحمٰن

January 18, 2022

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) سینئر نائب صدر یوکےپاکستان پیپلز پارٹی خواجہ کلیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر پوری تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ آنے والا دور اقتدار پاکستان میں پیپلز پارٹی کا ہے اور پارٹی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستانی کمیونٹی سینٹر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی کا مستقبل روشن ہے ۔ موجودہ حکومت پاکستان تحریک انصاف عوامی مسائل حل کرنے، مہنگائی کو قابو کرنے میں بے روزگاری اور انصاف کی فراہمی میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام تحریک انصاف کی حکومت سے تنگ آچکی ہے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت بیرون ملک جا چکی ہے اور پاکستان کی عوام کی نظریں پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو زرداری پر ہیں۔ وہی عوام کو اس وقت مشکلات سے نکال سکتے ہیں۔