زرغون ہاؤسنگ اسکیم کو گیس کی فوری فراہمی ممکن بنائی جائے،ایسوسی ایشن

January 18, 2022

کوئٹہ( پ ر)زرغون ہائوسنگ ویلفیئرایسوسی ایشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن کے وفد نے کئی بار ایس ایس جی سی ایل کے جی ایم مدنی صدیقی سے ملاقاتیں کیں اور ان سے زرغون ہاوسنگ کے لئے گیس کی سپلائی پر بات چیت کی انہوں نے ایسوسی ایشن کو تسلی دی تھی کہ دسمبر 2021 تک زرغون ہاوسنگ اسکیم کو گیس مہیا کر دی جائے گی ۔ہم ان کی بات پر اعتماد کرتے رہے اور زرغون ہاوسنگ کے الاٹیوں کو یہی بتاتے رہے مگر ان کی بات طفل تسلی ثابت ہوئی اور وقت نے ثابت کر دیا کہ ایس ایس جی سی ایل کے وعدے جھوٹے تھے- جب ایکسٹرنل لائن کی پیمنٹ کیو ڈی اے نے کر دی تو ایم ڈی صاحب نے یہ کہا کہ دو ماہ میں کام مکمل ہو جائے گا مگر چھ ماہ گزرنے کے باوجود کام مکمل نہ ہو سکا کیونکہ ایس ایس جی سی ایل کے پاس پائپ ختم ہو گیا ہے ۔اور نیا پائپ ابھی تک خریدا نہیں گیا۔انٹرنل گیسی فکیشن کا بنیادی تخمینہ سات کروڑ کا تھا جس کے لئے ہم نے بار ہا مدنی صاحب سے گزارش کی کہ اس کا ڈیمانڈ نوٹ بھی دیں مگر انہوں نے ہمیشہ ٹال دیا اور آخر کار سات کروڑ کو ریوائز کر کے تیرہ کروڑ کا ڈیمانڈ نوٹ کیو ڈی اے کو بھیج دیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایس ایس جی سی ایل کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے- سلو میٹر چارجز ہوں یا گیس کی فراہمی یہاں جنگل کا قانون ہے۔اور یہاں کام کرنے والے وفاقی ملازمین قانون سے بالا تر ہیں ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس ڈیمانڈ نوٹ کی ادائیگی میں کیو ڈی اے نے بھی تساہل سے کام لیا اور مقررہ تاریخ تک ادائیگی نہیں کی بلکہ ایک خط کے زریعے ایس ایس جی سی ایل سے پوچھا کہ کیا ہم پارشل پیمنٹ کر سکتے ہیں - ایک ماہ کے بعد ایس ایس جی سی ایل نے جواب دیا کہ اب کیو ڈی اے اکیس کروڑ جمع کرائے اور پارشل پے منٹ کر سکتا ہے۔زرغون ہاوسنگ کے رہائشیوں کا کیا قصور ہے جو اس سرد موسم میں کبھی لکڑیاں خریدتے ہیں تو کبھی کوئلہ اور گیس سلنڈر ان بچوں ،بوڑھوں اور خواتین کا کیا قصور ہے کھانے پکانے اور سردی سے بچنے کے لئے ماری ماری پھرتی ہیں۔ اس مسئلے میں کیو ڈی اے بھی قصور وار ہے مگر ان دومحکموں کے ظلم سے ہم رہائشیوں کو کون نکالے گا- بیان میں وزیر اعلیٰ،گورنر،چیف جسٹس بلوچستان،چیف سیکرٹری بلوچستان اور وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی گئی ہے کہ زرغون ہاوسنگ کے رہائشیوں کو مسائل سے نجات دلائیں اور جلد گیس کی فراہمی کو ممکن بنائیں-