کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جے یوآئی پاکستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالمالک، صوبائی رابطہ کمیٹی کے ارکان پروفیسر حسین احمد شیرانی، مولانا امان اللہ گرگناڑی، مولانا محمد اقبال عثمانی، حاجی امین اللہ امین، ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کھوسہ اور گریگری انوسینٹ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ خطے کے مخدوش حالات کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی ضرورت سے انکار نہیں لیکن حکومت نے جس تناسب سے یکدم قیمتوں میں اضافہ کیا ہے اس نے پہلے ہی معاشی بدحالی سے دوچار عوام کی کمر توڑ دی ہے جبکہ دوسری طرف سرکاری افسران کو ہر مہینے غیر ضروری طور پر جس مقدار میں مفت پیٹرول کا کوٹہ دیا جارہا ہے اس کو وہ استعمال بھی نہیں کرسکتے اور نہ ہی سرکاری امور کی انجام دہی کیلئے انہیں اس کی ضرورت ہوتی ہے بلکہ مبینہ طور پر فروخت کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ حالات کا بوجھ صرف عوام پر ڈالنا سراسر ظلم ہے حکومتی اہلکاروں کے ایک دو ماہ کی تنخواہوں سے معمولی کٹوتی جیسے نمائشی اقدامات کے بجائے ان کے معمول کے بھاری اخراجات اور مراعات پر نظرثانی کی جائے۔