حکومت کی ناکامی، ملک و کراچی دشمنی کا منہ بولتا ثبوت، ضیاء عباس

January 19, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ جس قدر گیس پیدا کرتا ہے اس کا نصف بھی اس صوبے میں استعمال نہیں ہوتی ہے مگر اس کے باوجود اس صوبے میں گیس کی قلت پیدا کر کے ملک کے سب سے بڑے معاشی شہر کی صنعتوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا گیا جو موجودہ حکومت کی ناکامی،ملک وکراچی دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزارت پیٹرولیم میں تبدیلی لائے بغیر یہ بحران حل نہیں ہوسکتا ہے۔ ملک میں گیس اور پیٹرول کی قلت اور مہنگائی موجودہ حکومت کی نااہلی کا نتیجہ ہے، دنیا کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں پیٹرول کی قیمت پاکستان میں زیادہ ہے جس سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے،انہوں نے کہا کہ گیس کے ٹیرف اور اس کی تقسیم میں جانب داری کی وجہ سے سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے سندھ کے عوام اور صنعت کار مسائل سے دوچار ہیں،سوئی نادرن اور سوئی سدرن گیس ملک اور عوام کیلئے بوجھ اور سفید ہاتھی بن چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن کے جھوٹ کی وجہ سے سندھ میں ایل این جی کے صنعت کاروں کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے، سی این جی اسٹیشن کی طویل بندش سے ہزاروں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔