موٹاپا،ذیابیطس وکینسر کی بڑی وجہ میٹھے مشروبات، جنرل (ر) اشرف

January 19, 2022

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے پیٹرن جنرل (ر) اشرف خان کے زیرصدارت ماہرین صحت کی میٹھے مشروبات کی روک تھام اورٹیکس پالیسی پرتجاویزکے عنوان سے سیشن کاانعقاد کیاگیا،میزبانی کے فرائض پناہ کے جنرل سیکرٹری وڈائریکٹر آپریشنز ثناء اللہ گھمن نے سرانجام دیئے۔ جنرل (ر) اشرف خان نےکہاکہ دل،موٹاپا،ذیابیطس،کینسر اوردیگراین سی ڈیزمیں شامل امراض کی ایک بڑی وجہ میٹھے مشروبات کااستعمال ہے،بیماریوں سے بچاؤکے لیے غیرضروری خوراک کوترک کرناہوگاجن میں میٹھے مشروبات بھی شامل ہیں۔ڈاکٹرعبدالقیوم نے کہاکہ تازہ اورقدرتی غذا کی جگہ مضرصحت غذاؤں اورمیٹھے مشروبات نے لے لی ہے،یہی وجہ ہے کہ طرح طرح کی بیماریوں نے ہمیں گھیررکھا ہے۔ سکوارڈن لیڈر غلام عباس نےکہاکہ مختلف ممالک کی تحقیقات نےثابت کیاہے کہ میٹھے مشروبات کا استعمال دل، ذیابیطس، موٹاپا اور دیگر غیرمواصلاتی امراض کی ایک بڑی وجہ ہے۔ ثناء اللہ گھمن کاکہناتھاکہ میٹھے مشروبات کا استعمال کینسر کے خطرے کو بڑھادیتا ہے،زیادہ وزن اور موٹاپا کینسر کی 15 بڑی اقسام میں سے 13 اقسام کے کینسرکے لئے خطرے کی علامت ہے۔ڈاکٹرمسعودراجہ،کرنل (ر) اعجاز احمدرفیع نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔