اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، باکو ٹیم کے آرکیٹیکٹ و ہارٹیکلچر ماہرین ، ڈی جی انوائرمنٹ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ پارک روڈ پر قائم سی ڈی اے ماڈل نرسری، سید پور ویلج اور میلوڈی فوڈ اسٹریٹ کا دورہ کیا۔باکو ٹیم کے آرکیٹیکٹ و ہارٹیکلچر ماہرین نے چیئرمین سی ڈی اے کو، سی ڈی اے ماڈل نرسری کی اپ گریڈیشن، بحالی اور اسے ʼگارڈینیا حب میں تبدیل کرنے سمیت سید پور ویلج اور میلوڈی فوڈ اسٹریٹ منصوبے کے تحت ہونے والے اب تک کے کاموں پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے نرسری کی اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد اسلام آباد کو ہارٹیکلچر کے شعبے میں ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور خوبصورت فلاور شاپس کی تعمیر کے کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے، جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ شہریوں کیلئے ایک پرکشش تفریحی مقام بھی بنے گا۔