BRT موجودہ حکومت کا شہریوں کیلئے انقلابی منصوبہ ہے، ملک شاہ محمد

January 20, 2022

پشاور ( جنگ نیوز )خیبر پختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے چمکنی سٹیشن میں واقع بی آرٹی پشاور کے مین دفتر کا دورہ کیا صوبائی وزیر نے دفتر میں قائم نئی مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور عملے سے کام کے بارے میں دریافت کیا اس موقع بی آرٹی کے ایم ڈی نے صوبائی وزیر کوبس ریپیڈ ٹرانزٹ پشاور کی موجودہ کارکردگی اور پرگراس کے بارے میں بریفنگ دی صوبائی وزیر کو بتایاگیا کہ بی آر ٹی سروسز پر لوگوں کا اعتماد دن بدن بڑھ رہاہے اور لاکھوں کی تعداد میں شہری بی آر ٹی کی سفری سہولت سے مستفید ہورہے ہیں یومیہ مسافروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہواہے اور اس مہینے 2لاکھ 54ہزار سے زائد مسافروں نے بی آر ٹی کی سفری سہولت سے فائدہ اٹھایا صوبائی وزیر نے احکامات جاری کئے کہ بی آر ٹی میں مسافروں کو تمام سفری سہولیات مہیا کی جائیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتنی چاہیے انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی موجودہ حکومت کا پشاور کے شہریوں کیلئےانقلابی منصوبہ ہے جس سے نہ صرف لوگوں کو آسان اور بروقت سفری سہولیات مہیا ہوگئی ہیں بلکہ شہر کے ٹریفک نظام میں بھی کافی بہتری آئی ہے صوبائی وزیر نے بی آر ٹی سروسز پر عملے کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا اور مسافروں کو سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔