پشاور (جنگ نیوز)میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا ہے کہ سٹی کونسل کے چیئرمین شاہ فیصل مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘ انہوں نے کہا کہ مرحوم نہایت نیک سیرت، خوش اخلاق اور مخلص انسان تھے جنہوں نے سٹی کونسل کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔میئر پشاور حاجی زبیر علی نے شاہ فیصل مرحوم کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ اور سٹی کونسل ہال کی جانب سے مرحوم کے بھائی ارشد خان کو شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق بروز جمعۃ المبارک سٹی کونسل ہال میں چیئرمین شاہ فیصل( مرحوم (گڑھی قمر دین کی سیاسی و سماجی خدمات کے اعتراف میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس میں کیپٹل میٹروپولیٹن کے ڈائریکٹر جنرل قدیر نصیر، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ایچ آر اویس راحت، ڈائریکٹر فنانس اعجاز سرور، دیگر افسران، سٹی کونسل کے چیئرمینز، مزدور اتحاد کے چیئرمین قیصر باچہ اور کیپٹل میٹروپولیٹن کے ملازمین نے شرکت کی۔اس موقع پر سٹی کونسل کے مختلف چیئرمینز جن میں ملک طارق جاوید، ارباب وصال، نور غلام، محمود الحسن (واہ واہ خان)، اخونزادہ زاہد اللہ شاہ اور نیک محمد اور انکی بھائی ارشد خان نے شاہ فیصل مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے انکی زندگی پر روشی ڈالی او کہاکہ سٹی کونسل کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ‘ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا کہ شاہ فیصل مرحوم نے سٹی کونسل کی بہتری اور عوامی خدمت کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا جو ہمیشہ مثال رہے گا‘ وہ اگر چہ عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے تھا لیکن سٹی کونسل ہال میں انہوں نے جو کردار کیا اسکی مثال نہیں ملتی‘ اس موقع پر مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔