• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی انڈر 21گیمز 20جنوری سے ،5ہزار کھلاڑی شرکت کرینگے،تاشفین حیدر

پشاور (خصوصی نامہ نگار)خیبرپختونخوا انڈر 21 گیمز 20جنوری سے پشاور میں شروع ہوں گی، صوبے کے اس میگا کھیلوں کے ایونٹ میں پانچ ہزار سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے، مردوں کے 35 جبکہ خواتین کے 18 مختلف کھیلوں کے مقابلے کرائے جائیں گے۔یہ باتیں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہیں ۔ڈی جی سپورٹس نے کہا کہ گیمز کا افتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کریں گے، مشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد ترند کی خصوصی ہدایات پر سیکرٹری کھیل محمد آصف کی سربراہی میں انڈر 21 گیمز کے لئے تمام کھیلوں کے ٹرائلز ریجنل سطح پر مکمل کر لئے گئے ہیں، ٹیم ایونٹس میں فاتح ٹیم کو ایک لاکھ جبکہ رنر اپ ٹیم کو 50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا، خصوصی افراد کے لئے بھی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں وہیل چیئر کرکٹ اور بوشے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیمز کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ مردوں کے مقابلے پشاور اسپورٹس کمپلیکس، حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس، کوہاٹ اور مردان اسپورٹس کمپلیکس میں جبکہ خواتین کے مقابلے عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ، شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور، پشاور بورڈ گراؤنڈ اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مردوں کے کھیلوں میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سکواش، اتھلیٹکس، والی بال، کراٹے، فٹ بال، جمناسٹک، تھرو بال، باسکٹ بال، باکسنگ، تائیکوانڈو، ہاکی، جوڈو، ہینڈ بال، ووشو، آرچری، جوجِتسو، ٹینس، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ، سنوکر، لیکروس، ٹیگ بال، ماس ریسلنگ، فٹسال، کک باکسنگ، باڈی بلڈنگ، فل کنٹیکٹ کراٹے، کبڈی، موئے تھائے، بیس بال، رسہ کشی، رگبی اور زورخانہ، خواتین کھیلوں میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سکواش، اتھلیٹکس، والی بال، کراٹے، باسکٹ بال، تائیکوانڈو، جوڈو، ہاکی، نیٹ بال، کرکٹ، آرچری، ہینڈ بال، جوجتسو، تھرو بال، فٹسال اور سافٹ بال شامل ہوں گی۔ ڈائریکٹر اسپورٹس آپریشن جمشید بلوچ نے بتایا کہ انڈر 21 گیمز کے علاوہ ڈیرہ جات ایونٹس، پشاور میں ہارس اینڈ کیٹل شو، جشن ہزارہ، یتیم بچوں کا اسپورٹس فیسٹیول، بونیر گل د نمیر فیسٹیول، روایتی کھیلوں، پولو، آئس ہاکی اور اسکیٹنگ کے مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے، اس کے علاوہ چھ نیشنل جونیئر چیمپئن شپس، ٹرانس جینڈر اسپورٹس ایونٹ، انٹر مدارس مقابلے، افراد باہم معذوری ایونٹ اور اقلیتی اسپورٹس فیسٹیول بھی منعقد کیا جائے گا۔
پشاور سے مزید