جرمنی کی روس کو گیس پائپ لائن بند کرنے کی دھمکی

January 21, 2022

برلن(نیوز ڈیسک)جرمنی کے چانسلر اولف شولٹز نے کہا ہے کہ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو روس سے جرمنی آنے والی نورڈ اسٹریم 2 گیس پائپ لائن بلاک کردی جائے گی۔رائٹرز کے مطابق گزشتہ ہفتے یوکرین مسئلے پر روس اور مغربی ممالک کے درمیان مذاکرات کے بےنتیجہ ثابت ہونے کے بعد جرمن چانسلر اولف شولٹز نے نیٹو چیف سے برلن میں ملاقات کی تھی اور اگلے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا تھا۔اس سے قبل بھی شولٹز بیان میں کہہ چکے ہیں کہ یوکرین پر حملے کے نتیجے میں جرمنی کسی بھی قسم کی پابندی لگانے میں آزاد ہوگا جس میں روس سے آنے والی گیس پائپ لائن کو بلاک کرنا بھی شامل ہے۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات صاف ہے کہ یوکرین پر حملے کر روکنے کیلئے تمام پہلوؤں پر بحث کی ضرورت ہے اور اگر حالات اس کے برخلاف ہوتے ہیں تو اس کی بہت بھاری قیمت چکانی ہوگی۔دوسری جانب یوکرین اور امریکہ یہ بات کہہ چکے ہیں کہ نورڈ اسٹریم 2 پائپ لائن کی وجہ سے جرمنی روس پر زیادہ انحصار کرنے لگ جائے گا۔