بابر اعظم ICC ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے کپتان مقرر، فخر زمان بھی ٹیم کا حصہ

January 21, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا کپتان مقرر کیاہے۔ فخر زمان بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ نیوزی لینڈ، بھارت اور آسٹریلیا کا کوئی کرکٹر ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل نہیں ہے۔ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فواد عالم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی ہیں ۔فواد عالم، جنھوں نے 2020میں 11برس بعد ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ بنائی تھی، نے 2021 میں 57کی اوسط سے 571رنز بنائے جس میں تین سنچریاں شامل تھیں۔ دوسری جانب پاکستان کے دو فاسٹ بولرز شاہین آفریدی اور حسن علی نے بھی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔ 2021میں ٹیسٹ میچوں میں شاہین آفریدی نے 17کی اوسط سے 47وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی نے16کی اوسط سے41وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جبکہ ٹیم کا کپتان نیوزی لینڈ کےکین ولیمسن کو بنایا گیا ہے۔بابر اعظم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر کے کپتان بھی مقرر ہوئے تھے۔ٹیم میں بنگلہ دیش کے3، پاکستان، جنوبی افریقا، آئرلینڈ اور سری لنکا کے2، 2 کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں پال اسٹرلنگ، ینامن ملان، راسیون ڈر ڈاوسن، شکیب الحسن ، مشفیق الرحیم، وانندو ہسارنگا مستفیض الرحمٰن، سیمی سنگھ اور دشمنتھا چمیرا شامل ہیں۔ٹیسٹ ٹیم میں تین، تین کھلاڑی پاکستان اور بھارت کے ہیں جبکہ دو نیوزی لینڈ اور ایک ایک کھلاڑی سری لنکا، آسٹریلیا اور انگلینڈ سے منتخب کیا گیا ہے۔ویمنز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کردیا گیا ہے، جس میں پاکستان کی فاطمہ ثناء کو بھی شامل کیا گیا ہے۔جمعرات کوآئی سی سی ویمنز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں انگلینڈ کی ہیتھر نائٹ کو کپتان بنایا گیا ہے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں لیزلی لی، الیسا ہیلی وکٹ کیپر، ٹیمی بیماونٹ اور میتھالی راج شامل ہیں۔ان کے علاوہ ہیلے میتھیوز، ماریزین کیپ، شبنم اسمعیل، جھولن گواسوامی اور انیسہ محمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔خواتین کی سال کی بہترین ٹیم میں 20سالہ پاکستانی بولر فاطمہ ثنا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ فاطمہ ثنا نے 2021میں 24کی اوسط سے 20وکٹیں حاصل کیں، جس میں ایک فائیو فار شامل تھا۔