دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کرکٹ بورڈ پر الزامات عائد کئے ہیں۔ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولرنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سوال و جواب کے سیشن میں دعویٰ کیا کہ پی سی بی کی جانب سے ذلت آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث کوچنگ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ایک صارف کے سوال پر گلیسپی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ میں ہیڈ کوچ تھا، پی سی بی نے ہمارے سینئر اسسٹنٹ کوچ کو بغیر مشاورت یا اطلاع کے برطرف کر دیا۔ یہ صورتحال ناقابلِ قبول تھی اور بھی کئی مسائل تھے جس سے مجھے بے عزتی محسوس ہوئی۔ پاکستان کا تجربہ میری کوچنگ سے محبت کو کھٹا کر چکا ہے۔