غذائی قلت اور امراض، سول اسپتال مٹھی میں7 بچے دم توڑ گئے

January 21, 2022

اسلام کوٹ(رپورٹ:عبدالغنی بجیر) صحرائے تھر میں غذائی قلت و امراض کے باعث بچوں کی اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، سول اسپتال مٹھی میں زیر علاج 7بچے دم توڑ گئے۔نجی فلاحی ادارے نے غذائی قلت کی شکار حاملہ خواتین کو خون کی فراہمی کے لیئے کوششیں تیز کردیں۔ تفصیلات کے مطابق غذائی قلت و امراض کے باعث تھر میں بچوں کی اموات کا سلسلہ پھر سے تیز ہوگیا ہے،ذرائع کے مطابق سول اسپتال مٹھی میں زیر علاج 7 بچے دم توڑ گئے، دم توڑنے والوں میں 6 ماہ کا گھنشام ولد بھمرو، دولت، اسماعيل، منٹھار، سونھارو اور بشیر کے نومولود بچے شامل ہیں۔یکم جنوری سے آج تک تھر میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ سال بھی 625 بچے لقمہ اجل بنے تھے۔