جڑواں شہروں سے 8لڑکیوں سمیت دس افراداغواء

January 21, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی اور اسلام آبادکے مختلف علاقوں سے 8لڑکیوں سمیت دس افرادکواغواءکرلیاگیا۔تھانہ وارث خان کو گلشاد بی بی نے بتایا کہ اس کی بیٹی(الف) عمر 17سال کو کسی نے اغواء کرلیا۔ مجھے ایک نمبر سے کال آئی جس نے اپنا نام علی بتایا اور کہا کہ آپکی بچی ہمارے پاس ہے اور ساتھ ہی کال بند ہوگئی۔تھانہ سول لائن کو محمد فیاض نے بتایاکہ اس کی 17سالہ بیٹی (ن) سکول پڑھنے کیلئے گئی مگر گھر واپس نہ آئی ۔ اس کی ایک سہیلی آرزو نے بتایا کہ اس کا ایک لڑکے ماجد کیساتھ موبائل پر رابطہ تھا شام کو ایک موبائل نمبر سے کال آئی جس نے کہا کہ میں ماجد کی والدہ بول رہی ہوں آپکی بیٹی میرے بیٹے کے ساتھ ہے جب وہ آئیں گے تو میں اسکو آپ کے پاس لے آئوں گی لیکن اب نمبر بند جا رہا ہے۔تھانہ سول لائن کو طلحہ علی نے بتایا کہ سائل کی شادی تین ماہ قبل(ہ) سے ہوئی تھی 19 جنوری کی صبح سات بجے کے قریب وہ گھر سے محسن نامی لڑکے کے ساتھ بھاگ گئی اور جاتے ہوئے 5 تولے زیور، 50 ہزار روپے ، میک اپ کا سامان ،10 جوڑے ، سونے کے جھمکے اورمیرا موبائل بھی ساتھ لے گئی ۔تھانہ سول لائن کو سرزمین خان نے بتایاکہ سائل کا بیٹا محمد سمیع عمر 15 سال جو 27نومبر کو گھر سے باہر گیا اور آج تک واپس نہ آیا۔تھانہ صدربیرونی کو صائمہ بی بی نے بتایا کہ سائلہ کی 15سالہ بچی (الف) 2دسمبر کی صبح کسی کام کے سلسلے میں بہانہ بناکر اپنی بہن کو بتاکر گھر سے چلی گئی جب میں واپس آئی تو ماہ نور سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ وہ ابھی تک گھر نہیں آئی ہے ۔ مجھے قوی یقین ہے کہ میری بیٹی کوکسی نے اغواء کرلیا۔تھانہ صدربیرونی کو امجد حسین نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی (الف) جس کی عمر 15سال ہے کوصبح سویرے سکول چھوڑکر آیا جوچھٹی کے بعد گھر واپس نہیں آئی، سکول انتطامیہ سے معلوم کیا تو پتہ چلا کہ بچی سکول نہیں پہنچی مجھے شک ہے کہ نامعلوم افراد نے اسے اغواء کرلیا۔تھانہ صدربیرونی کو حسنین عمران نے بتایاکہ اس کی بیوی (ع) بی بی عمر18 سال گھر سے اچانک غائب ہوگئی جو تاحال نہ ملی ہے مجھے قوی یقین ہے کہ میری بیوی کو کسی نے اغواء کرلیا۔تھانہ بھارہ کہوسہیل عباسی نے بتایاکہ ناصرمحمودوغیرہ سے ہماری دشمنی ہے میرا بھائی محمودالرحمٰن بھارہ کہوبازارگیا اورلاپتہ ہوگیا ہمیں یقین ہےکہ اسے مذکورہ ملزموں نے اغواکرلیاہے۔تھانہ کورال کوشہزاداحمدنے بتایاکہ عدیل نے اپنے والد اوربھائی کے ہمراہ مدعی کی بیٹی (الف) کوفون کرکے گھرسے باہربلاکراغواکرلیا۔تھانہ سہالہ کومنیراحمدنے بتایاکہ میری بیٹی (الف) کودانش وغیرہ زبردستی میرے گھرسے اغواکرکے لے گئے، وہ گھرسے تین تولے زیوراور25ہزارروپے بھی ساتھ لے گئے ۔