امریکہ سامراجی روش کی وجہ سے اپنی طاقت کھو رہا ہے،شیریں مزاری

January 21, 2022

اسلام آباد( کامرس رپور ٹر ) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ امریکہ کووڈ19 کی وبا کے دوران چین کے ساتھ ایک نئی سرد جنگ شروع کرنے میں ملوث ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ امریکہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف کارروائی کرنے اور اسرائیلی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کو انکی سرزمین سے نکالنے کے خلاف بات کرنے میں کیوں ناکام رہا؟ ، امریکہ اپنی سامراجی روش کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر طاقت کھو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےپاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام اپنی فلیگ شپ ایونٹ سیریز فرینڈز آف سلک روڈ(ایف او ایس آر) کے تحت "نئی سرد جنگ؟ چین کے خلاف سنکیانگ کارڈ کھیل" کے موضوع پر ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، سینیٹر مشاہد حسین سیدنے کہا کہ پاکستان چین کےقومی مفادات سنکیانگ، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ، جنوبی بحیرہ چین اور بی آر آئی کے ضمن میں چین کی بنیادی حمایت جاری رکھے گا،مصطفیٰ حیدر سید نے کہاکہ امریکہ نے انسانی حقوق کو ہتھیار بنا دیا ہے۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ امریکہ کو دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے اور سنکیانگ پر چین پر بے جا تنقید کرنے سے گریز کرنا چاہیے ،صبا اسلم نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔