راولپنڈی (حافظ وسیم اختر/سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب نے حکومت کی منظوری کے بعد پنجاب پولیس ٹریفک وارڈنز سروس رولز 2017 میں اہم ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،ترقیوں کا نیا فارمولا نافذ،ٹریفک آفیسر اور سینئرٹریفک وارڈن کی اسامیوں پر50فیصد ترقیاں پنجاب پبلک سروس کمیشن سے ہونگی ۔ ٹریفک آفیسرکے عہدے کے لیے 50 فیصد کوٹہ سلیکشن آن میرٹ کے ذریعے ہوگا، جس کا انتخاب پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ان سینئر ٹریفک وارڈنز سے کیاجائے گا جن کی تعلیمی قابلیت کم از کم سیکنڈ ڈویژن گریجویٹ ہوگی ، ان کا سروس ریکارڈ شفاف ہو اور عمر کی حد 52 سال سے زائد نہ ہو۔ بقیہ 50 فیصد اسامیاں سینیارٹی کم فٹنس کی بنیاد پر ان سینئر ٹریفک وارڈنز کی ترقی سے پُر کی جائیں گی جنہوں نے چار ماہ کا ٹریفک ایڈوانس کلاس کورس مکمل کیا ہوگاجبکہ سینئر ٹریفک وارڈن کے عہدے کے لیے بھی 50 فیصد کوٹہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان ذریعے سلیکشن آن میرٹ کیلئے مختص کیا گیا ہے، اس کے لیے وہ ٹریفک وارڈنز (بیسک پے سکیل -14) اہل ہوں گے جو کم ازکم سیکنڈ ڈویژن گریجویٹ ہوں، شفاف ریکارڈ کے حامل ہوں اور ان کی عمر 50 سال سے زیادہ نہ ہو۔ باقی 50 فیصد کوٹہ سینیارٹی کم فٹنس کی بنیاد پر ان ٹریفک وارڈنز کے لیے ہوگا جنہوں نے چار ماہ کا اپر کلاس کورس پاس کر رکھا ہوگا، اس حوالے سے 31دسمبر بدھ کوباقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔