• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان حکومت خواتین کی بہتری کو اپنی پالیسیوں کا مرکزی حصہ بنائے،سنیٹر عبد ا لقادر

اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کا خواب اس وقت تک ادھورا رہے گا جب تک صوبے کی نصف آبادی، یعنی خواتین کو صحت اور تعلیم کے بنیادی حقوق مکمل طور پر میسر نہیں آتے، پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین آج بھی بنیادی طبی سہولیات، معیاری تعلیم اور سماجی تحفظ سے محروم ہیں، ایسے میں بلوچستان حکومت کے لیے ضروری ہے کہ وہ خواتین کی بہتری کو اپنی پالیسیوں کا مرکزی حصہ بنائے اور واضح اہداف مقرر کرے، صحت کے شعبے میں سب سے پہلا قدم زچہ و بچہ صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا ہونا چاہیے،ہر ضلع میں مکمل طور پر فعال مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹرز کا قیام، لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعداد میں اضافہ، اور دیہی علاقوں میں موبائل میڈیکل یونٹس کی فراہمی ناگزیر ہے۔ حکومت کو ہدف مقرر کرنا چاہیے کہ آئندہ پانچ برسوں میں زچگی کے دوران اموات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جائے اور ہر حاملہ خاتون کو مفت طبی سہولت اور ادویات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں لڑکیوں کے لیے اسکولوں اور کالجوں کی تعداد بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اگر حکومت سنجیدہ حکمتِ عملی، شفاف نگرانی اور واضح اہداف کے ساتھ آگے بڑھے تو بلوچستان کی خواتین بھی قومی ترقی کے دھارے میں مؤثر انداز میں شامل ہو سکتی ہیں۔
اسلام آباد سے مزید