• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2026، انجینئرنگ برادری کیلئے ایک فیصلہ کن سنگ میل قرار

اسلام آباد (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے 2026 کو انجینئرنگ برادری کیلئے ایک فیصلہ کن سنگ میل قرار دیا ہے، جو پی ای سی کی گولڈن جوبلی کی علامت ہے اور نئے عزم، جدت اور قیادت کے لیے سمت متعین کرتا ہے، اپنے نئے سال کے پیغام میں انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ یہ سال مثبت تبدیلی کے لیے وقف ہونا چاہیے، جہاں معیار، پیشہ ورانہ مہارت، اخلاقیات اور ذمہ داری بنیادی اقدار کے طور پر رہنمائی کریں، کیونکہ انجینئرنگ کا شعبہ ان اصولوں کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا،انجینئر وسیم نذیر نے پی ای سی کی مضبوط ادارہ جاتی بنیادوں اور عالمی سطح پر ممتاز پیشہ ور تنظیموں میں اس کے مقام کو اجاگر کیا۔ انہوں نے انجینئرنگ برادری میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ مقصد، پیشہ ورانہ دیانت اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی مرحلہ انجینئر ہونے پر فخر کرنے اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کا تقاضا کرتا ہے، گزشتہ برس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین پی ای سی نے کہا کہ کونسل نے انجینئرنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے اور انجینئرز کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کا آغاز کیا۔
اسلام آباد سے مزید