وکلاءکسی بھی غیر آئینی اقدام کیخلاف مزاحمت کریں گے،بلوچستان بار کونسل

January 21, 2022

اکوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بار کونسل کے چیئرمین بین الصوبائی رابطہ کمیٹی راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک میں صدارتی نظام نافذ کرنے کی کوششوں کےنتائج انتہائی سنگین ہونگے کسی بھی غیر آئینی اقدام کے خلاف ملک بھر کے وکلاء احتجاج اور مزاحمت کریں گے۔ یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری اور کثیرالقومی ملک ہے اس ملک کا تحفظ اور بہتری جمہوریت اور جمہوری پارلیمانی نظام میں ہے مگر یہاں پرماضی کی طرح ایک بار پھر سازش کے ذریعے ملک میں صدارتی نظام نافذ کرنے کی کوششیں اور سازشیں شروع کردی گئی ہیں۔ جس سے ملک میں انارکی پھیل سکتی ہے انہوں نے کہا کہ بار بار کے مارشلاء اور آمریت نے ملک کو سیاسی و معاشی مسائل سے دوچار اور دنیامیں تنہا کردیا ہے ملک بھر میں انسانی حقوق کی پامالی، کرپشن اقرباء پروری اور لاقانونیت عروج پر ہے چھوٹے صوبے احساس محرومی کا شکار ہیں صوبوں کے معدنی وسائل پر جبری طور پر وفاق کا قبضہ ہے ریکوڈیک اور دوسرے معدنی وسائل کے مالک بلوچستان کے لوگ ہیں مگر اس کے اختیارات اوراس کا قبضہ دوسروں کے پاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت بقا آئین و قانون کی بالادستی پارلیمانی جمہوریت میں ہے بلوچستان اور پاکستان بھر کے وکلاء کسی بھی غیر آئینی عمل کے خلاف بھر پور مزاحمت کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ ملک بھر کے وکلاء نے ہمیشہ آمرانہ قوتوں کے خلاف جدوجہد اور مزاحمت کی ہے وفاق پاکستان کی سالمیت اور تمام مسائل کا حل جمہوری پارلیمانی نظام اور آئین وقانون کی بالادستی میں ہے۔ لہذا آئین سے متصادم کسی بھی اقدام کے نتائج انتہائی سنگین ہونگے ۔