کوئٹہ ، 5 معروف فوڈ کارنرزپر غیر معیاری خوراک کی فروخت، جرمانے عائد

January 21, 2022

کوئٹہ ، قلات(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی غیرمعیاری و مضر صحت خوراک کے تدارک کیلئے جاری کارروائیوں کے دوران کوئٹہ شہر کے 5 معروف فوڈ کارنرز سمیت 20 مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔ سرکلر روڈ ، جناح روڈ و ملحقہ علاقے میں دوران معائنہ مسٹر کول کیفے کو استعمال شدہ کوکنگ آئل کے دوبارہ استعمال و ایس او پیز کی خلاف ورزی ، منی میلٹس کو زائد المعیاد ٹاپنگ اور خراب و باسی پھل برآمد ہونے ،ساریسو کیفے کو صفائی کے ناقص انتظامات ، چائنیز نمک کے استعمال ، ایکسپائرڈ بیکنگ آئٹمز کی موجودگی و ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے، آریگینو کیفے کو کچن ایریا میں صفائی کے ناکافی انتظامات و نامناسب درجہ حرارت ، کیکس اینڈ کوکیز سپر اسٹور کو چائنیز نمک ملے مصالحہ جات و زائد المعیاد کریم ملک کی موجودگی ، ایس ٹی بی ٹی کارنر کو ایکسپائرڈ بیوریجز اور کینڈیز رکھنے جبکہ بلنہ گرل کیفے کو مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں بی ایف اے کی ایک اور فوڈ سیفٹی ٹیم نے شہر کے مختلف ہسپتالوں اور بی ایم سی بوائز اینڈ گرلز ہاسٹل میں قائم کینٹینوں کا خصوصی طور پر معائنہ کیا ، چیکنگ پر بی ایم سی ہسپتال کی مرکزی کینٹین میں صفائی کی صورتحال ابتر پائی گئی ، کینٹین میں اشیاء کی تیاری کیلئے استعمال شدہ کوکنگ آئل دوبارہ استعمال کیا جارہا تھا جس پر مذکورہ کینٹین پر جرمانہ عائد کیا گیا ۔ مشرقی بائی پاس اور سریاب روڈ میں بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی پر 9 میٹ شاپس جبکہ ممنوعہ و غیرمعیاری کوکنگ آئل کی فروخت پر 1 ہولسیل ٹریڈر کے خلاف کارروائی کی ۔