ترجمان افغان وزارت خارجہ نے بائیڈن کا بیان مسترد کر دیا

January 21, 2022

ترجمان افغان وزارت خارجہ عبدالقھار بلخی نے امریکی صدر بائیڈن کے اس بیان کو مسترد کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان متحد ہونےکی صلاحیت نہیں رکھتا۔

افغان وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہنا ہے کہ اختلاف رائے غیر ملکی حملہ آوروں نے اپنی بقاء کیلئے پیدا کیا، متحد قومیں ہی حملہ آوروں، عظیم سلطنتوں کے زوال کا سبب بنتی ہیں۔

عبدالقھار بلخی کا کہنا تھا کہ افغان عوام نے مشترکہ اسلامی عقائد، حب الوطنی کیساتھ غیرملکی حملہ آوروں کوشکست دی، امارت اسلامی نے مختصر مدت میں محدود وسائل کیساتھ مجموعی سلامتی کو یقینی بنایا، مرکزی حکومت قائم کی اور افغان قوم کو متحد کیا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ افغانستان سے افواج اس لئے واپس بلالیں کیونکہ افغانستان کو ایک حکومت کےتحت متحد کرنا ممکن نہیں۔