سپر لیگ کی چمچماتی ٹرافی کی رونمائی، کرکٹرز پرجوش، کورونا کو شکست دینے کا عزم

January 22, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ ہی کھلاڑی بھی پرجوش ہوگئے۔ کرکٹرز نے اچھی کارکردگی کے ساتھ کورونا سے خوفزدہ نہ ہونے کا عزم ظاہر کردیا ۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہےکہ اس بار قلندرز الگ موڈ میں نظر آئیں گے۔ پی ایس ایل کی اچھی تیاری رہی ، کیمپ میں کافی محنت کی ہے، پریکٹس میچز کھیل کر خامیوں کو دور کیا۔کراچی اور لاہورکا میچ ہمیشہ اچھا ہوتا ہے، کراؤڈ بھی انجوائے کرتا ہے، بابراعظم میرے فیورٹ ہیں ان کو آؤٹ کرنے کیلئے جادوئی بولنگ کرنا پڑے گی۔شاہین آفریدی نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ کپتانی نہ کرو ان کو خدشہ تھا کہ بولنگ خراب نہ ہو، کیمپ میں کافی محنت کی ہے، اس مرتبہ لاہور قلندرز الگ موڈ میں نظر آئیں گے۔فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بابر پاکستان کی اچھی کپتانی کر رہا ہے، اللّٰہ کرے وہ آٹھ نو سال، بلکہ 15 سال ایسے ہی کپتانی کرے، مجھے فی الحال قومی ٹیم کی کپتانی کا سوچنے کی ضرورت نہیں، بابر اچھی کر رہا ہے، اگر ضرورت پڑی تو کپتانی اعزاز کی بات ہوگی۔فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ پی ایس ایل کیلئےتمام کرکٹرز پُرجوش ہیں،پی ایس ایل 7 کے لیے بے تاب ہوں اور میں رواں سال اپنی بہترین کارکردگی پیش کر وں گا۔ میراخفیہ ہتھیار باؤنسر ہے ، بیان کرنا ناممکن ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا کیسا محسوس ہوتا ہے، خاص طور پر اس وقت کہ جب ہمارے ملک میں 10 سے 12 سال بعد کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہو۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میںبدقسمتی سے ویڈ کا کیچ ڈراپ ہوگیا اورپاکستان سیمی فائنل جیتنے میں ناکام رہا۔ نوجوان وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے کہا کہ ایک زمانہ تھا کہ کوئی لینے کو تیار نہیں تھا آج ٹیمیں خود بلارہی ہیں جس سے پرچی کے طعنہ کی بھی نفی ہوتی ہے۔ پی ایس ایل سیون کیلئے کوئی بڑا ہدف مقرر نہیں کیا،کوشش ہوگی کہ اپنے نیچرل ٹیلنٹ کے مطابق کھیلوں اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کارکردگی دکھائوں۔