ٹنڈوالہیار، ایم کیو ایم رہنما کی تدفین، ہنگامہ،جلاؤ گھیرائو، گاڑیاں نذر آتش، متعدد گرفتار

January 23, 2022

ٹنڈو الہیار (این این آئی)گزشتہ روز سیشن کورٹ کے سامنے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خلیل الرحمن عرف بھولو خانزادہ کے قتل کے بعد حالات بدستور کشیدہ ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ٹنڈوالہ یار میں 3روزہ یوم سوگ کے اعلان پر ٹنڈوالہ یار کے کاروباری مراکز مکمل طورپر بند رہے جبکہ خلیل الرحمن عرف بھولو کی تدفین کے بعد مشتعل افراد نے مدد گار آفس 15پر مبینہ طورپر حملہ کرکے 15مدد گار کے سامنے کھڑی کار اور ایک درجن موٹرسائیکل کو آگ لگا دی پولیس نے مددگار ایمرجنسی 15پر جلائو گھیرائو کی الگ الگ 2ایف آئی آر درج کردی۔ پولیس کی جانب سے ہونے والی ایف آئی آر میں 10 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 30 نامعلوم افراد شامل کیا گیا ہے۔ پولیس نے مذکورہ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد شہر کے مختلف علاقے پریم نگر کھتری پاڑہ چمبرناکہ دیگر علاقوں میں چھاپے مارکر ایک درجن سے زائد ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں ہمدردوں کو حراست میں لیا۔ اطلاع پر ایم کیو ایم پاکستان کی درجنوں خواتین بچوں نے حیدرآباد میرپور خاص کی مین شاہراہ اسلامیہ مسجد کے سامنے پولیس گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہونے والے احتجاجی مظاہرے کو منتشر کرنے کیلئے خواتین بچوں پر لاٹھی چارج کیا جس سے کئی خواتین بچے زخمی ہوگئے۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرہ کرنے والی خواتین نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک ہمارا بیٹا قتل ہوا ہے اور پولیس ہمارے ہی لوگوں پر جھوٹی ایف آئی آر درج کرکے ہمارے گھروں میں دروازے توڑ کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں داخل ہوکر ہمارے بچوں کو حراست میں لے رہے ہیں اور اس پر پرامن احتجاج کرنے پر مرد پولیس اہلکار ہم کو ڈنڈے ماررہی ہے۔ انہوں سپریم کورٹ آئی جی سندھ ڈی آئی جی حیدرآباد دیگر سے مطالبہ کیا ہے کہ خلیل الرحمان عرف بھولو خانزادہ کے قاتلوں کو فوری گرفتار،جھوٹی ایف آئی آر ختم اور حراست میں لئے گئے افراد کو رہا کیا جائے۔ علاقے میں تاحال تک کشیدگی کی فضا قائم ہے شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔