5.37 شرح نمو کو ن لیگ کے رہنماؤں نے بھی قبول کرلیا، فرخ حبیب

January 23, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ کورونا کی عالمی وبا کے باوجود وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کے مثالی اقدامات کے باعث پاکستان کی شرح نمو 5.37فیصد تک پہنچ گئی ہے اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل سمیت ان کے دیگر رہنمابھی میڈیا پر آکر ہماری شرح نمو کو قبول کررہے ہیں کیونکہ ہماری شرح نمو سسٹین ایبل گروتھ اور ٹھوس و مستقل بنیادوں پر تھی ،دوسری جانب ن لیگ کے4 لوگ نواز شریف کو ہٹا کر خود قیادت سنبھالنا چاہتے ہیں اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے بارے میں ابہام پیدا کر رہے ہیں لہٰذا سب جان لیں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلد ہوں ۔ہفتہ کی سہ پہر جناح ہال ضلع کونسل فیصل آباد میں ممتاز سفر نگار، مصنف و محقق ندیم رضوی کے دوسرے دلچسپ سفر نامے پر مبنی کتاب مانچسٹر سے مانچسٹر تک کی تقریب رونمائی کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا ڈبلیو ایچ او،ورلڈ اکنامک فورم، یو این او اور دیگر عالمی اداروں نے بتایا کہ جنوری 2021 سے جنوری 2022 کے عرصہ میں پاکستان اپنی بہترین پالیسیوں کے باعث نارملائزیشن میں 50 ممالک میں دوسرے نمبر پر رہا، کورونا کی وبا کے دوران انرجی پیکیج دیئے جن سے ٹیکسٹائل سیکٹر میں تاریخی گروتھ ہوئی ،کنسٹرکشن سیکٹر میں بھی 1000 ارب روپے کے منصوبے منظور ہوئے، حکومت نے ڈیڑھ ارب ڈالر یعنی 250 ارب روپے کی مفت ویکسی نیشن کی،انہوں نے کہا کرپشن والوں کو بتانا ہوگا کہ مسرور انور کا ایچ بی ایل اکاؤنٹ کون آپریٹ کرتا ہے اور ساڑھے 7 ارب کی ٹی ٹیاں کیسے لگیں، شریف خاندان احتساب میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے لیکن اب انہیں جواب دہ ہونا پڑے گا۔