کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مرکزی رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مینڈیٹ چھینے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےکراچی پریس کلب میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس میں مختلف سیاسی ،مذہبی اور قوم پرست جماعتوں، وکلاء، سول سوسائٹی کے رہنماؤں سید زین شاہ، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،سابق گورنر سندھ زبیر احمد، سابق سینیٹر مشتاق خان، عامر ضیاء، عبدالخالق جونیجو، فردوس شمیم نقوی، سرینہ عدنان، مظہر راہوجو، مفتاح اسماعیل، بیرسٹر صلاح الدین، عامر نواز وڑائچ، جبار خٹک، آٰفتاب احمد خانزادہ، مسلم پرویز، ارسلان چانڈیو، ڈاکٹر صفدر عباسی، قادر رینیو، ساجد ترین، پروفیسر ڈاکٹر اصغر علی، نور نبی راہوجو، سردار عبدالرحیم، حافظ احمد، اظہر جمیل، ڈاکٹر مسرور سیال،سید زین شاہ اور دیگر نےخطاب میں کیا۔چیئرمین و قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا بہترین ملک ہے،اگر صوبوں کو حقوق دیئے جائیں تو سب کہیں گے، پاکستان زندہ باد،آئیے اپنے ملک کو بچائیں۔ وزیرستان کے لوگوں کواپنے ساتھ شامل کریں،انہیں بلائیں اور کہیں کہ یہ ملک آپ کا ہے ۔آپ دیکھیں گے دہشت گردی ختم ہو جائے گی ۔گزشتہ انتخابات میں 25کروڑ انسانوں کا مینڈیٹ چھینا گیا، غیرجانبدارالیکشن کمیشن اورصاف شفاف الیکشن کرائے جائیں،سب بھائی بنیں، پاکستان کو گلدستہ بنائیں ،08فروری کوملک بھر کے عوام کو نکل کر پرامن طریقے سے احتجاج کرنا ہوگا ۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا علم اور دانش کا شہر ہے ،ہم کراچی والوں کو لیکچر دینے یا سمجھانے نہیں آئے، جب انگریز حکمران تھے اس وقت بھی سندھ دھرتی کے لوگوں نے بغاوت کی ،سندھ کے حر مجاہدین نے بھی انگریز سامراج سے لڑے۔پیر پگارا کے والد کو گرفتار کر کے شہید کردیا گیا، خیبرپختونخوا کے عوام اگر دہشت گرد ہیں تو تمام سفارت خانوں کے سامنے پختون گارڈ کیوں کھڑے ہیں،ایسی باتیں ہمیں دکھ دیتی ہیں،ہم تمام انسان کو بھائی سمجھتے ہیں،سب قوموں کی ثقافتیں زندہ باد،ہمیں اپنے مذہب کے ساتھ دوسرے کے مذہب کی بھی عزت کرنا ہوگی،ہمیں ہر صوبے کے لوگوں کے وسائل کو سمجھنا ہوگا، ائیے اپنے ملک کو بچائیں،وزیرستان کے لوگوں کو بلائیں اور کہیں یہ ملک آپ کا ہے ،آپ دیکھیں گے دہشت گردی ختم ہو جائے گی ،مذہبی انتہا پسندی کے باوجود یہ لوگ خون کے پیاسے ہیں،انہوں نے کہا کہ شرک کے بعد سب سے بڑا گناہ انسان کا قتل ہے ،غلط پالیسیوں کی وجہ سے پنجاب کا زمیندار غرق ہوگیا ،چمن بارڈر خیبر بارڈر سے قندھار تک 10ہزار لوگ روزانہ روزگار کرتے ہیں،پشتون کا سب سے بڑا شہر دبئی ہے ،اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم دبئی کے مالک ہوگئے،ہمارے لوگ آتے ہیں روزگار کرتے ہیں ،سندھ سندھیوں کا ہے ،کے پی پختونوں کا ہے، بلوچستان بلوچوں کا ہے ،جو مراعات لندن، امریکہ میں ملتی ہیں وہ عوام کو دی جائیں تو جھگڑا ختم ،پچیس کروڑ انسانوں کا مینڈیٹ چھینا گیا ،سندھ ، بلوچستان، پشتون علاقوں کو لوٹا جائے اور ہم ناچیں، یہ نہیں ہوسکتا،سندھ زندہ باد ہوگا تو پاکستان زندہ باد ہوگا،سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے ،ملک کا سب سے بڑا ٹیکس کراچی سے ملتا ہے،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا سندھ کی عوام نے تاریخی استقبال کیا، سندھ کی عوام نے عمران خان سے محبت کا اظہار کیا،اس پر پوری عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،ہمارا لیڈر دو سال سے زیادہ ہوگیاجیل میں ہے ،جیل میں 200 سے زیادہ پرچے جھوٹے ہیں ،سارے پرچے زور اور جبر کی بنیاد پر ہوئے،عمران خان نے شاہانہ زندگی پر مشکل حالات کو ترجیح دی،عمران خان نے وزیر اعظم ہوتے ہوئے کیا ذاتی کیا فائدے اٹھائے بتایا جائے،اس وقت ان کی بیوی، بھانجہ جیل میں ہیں،ان تمام مشکل ترین حالات میں بھی عمران خان ڈٹ کر کھڑا ہے،ان سے جب بھی ملا ہوں نہیں لگا وہ جیل میں ہیں،عمران خان چٹان کی طرح کھڑا ہے۔