کراچی(اسٹاف رپورٹر) حب ڈیم روڈ پر ڈکیتی مزاحمت پرڈاکوئوں کے ہاتھوں ایک اور شخص کاقتل کردیا گیا، ادھر کالونی گیٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا ،جبکہ ساتھی ملزم زخمی حالت میں فرار ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی تھانہ کی حدود حب ڈیم روڈ سندھ سولر پروجیکٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر گولیاں مار کر55سالہ اجمل ولد امیر خان کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے، ایس ایچ او تھانہ گڈاپ سٹی انسپکٹر سرفراز جتوئی نے بتایا کہ مقتول ناظم آباد کا رہائشی تھا اتوار کو وہ دوستوں کے ساتھ سیر و تفریح کیلئے رکشہ بک کرکے حب ڈیم گئے گئےواپسی پر انکا رکشہ خراب ہوگیا، اس دوران موٹر سائیکل سوار3مسلح ملزمان آئے اور اسلحہ کے زور پر چاروں دوستوں سے موبائل فونز اور نقدی چھین لی اس دوران ڈاکوئوں کی فائرنگ سے اجمل خان جاں بحق ہوگیا۔ادھر کالونی گیٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا ،جبکہ ساتھی ملزم زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔ شاہراہ فیصل تھانہ کی حدود مین شاہراہ فیصل کالونی گیٹ کے قریب مبینہ طور پر پولیس اور موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ کے دوران پولیس کی فائرنگ کے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کی شناخت سومار عبدالمجید کے نام سے ہوئی ہے ،ہلاک ڈاکو کو دوسرا ساتھی زخمی حالت میں موقع سے فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش کے لئے چھاپہ مارے جارہے ہیں ۔