اسلام آباد ( آن لائن ) ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان کے بڑے شعبوں کی برآمدات گر گئیں۔ غذائی اجناس کی برآمدات میں 40 فیصد سے زائد کمی، ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر شعبے بھی متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر غذائی اجناس کی برآمدات میں 40. 29 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی اور اس عرصے میں برآمدات کا حجم صرف 2ارب 36کروڑ ڈالر رہا۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں یہ حجم تقریباً 4 ارب ڈالر تھا۔ذیلی شعبوں کی تفصیل کے مطابق چاول کی برآمدات میں تقریباً نصف یعنی 49 . 90 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سبزیوں کی برآمدات میں 36. 80 فیصد کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ ٹیکسٹائل شعبہ اس عرصے میں نسبتاً مستحکم رہا اور برآمدات میں 0. 90 فیصد اضافہ ہوا، جس سے ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات کا حجم 9 ارب 16 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔تاہم دیگر صنعتی شعبے متاثر ہوئے۔ پلاسٹک کے سامان کی برآمدات میں 43 . 66 فیصد کمی، فارماسیوٹیکل مصنوعات میں 28 . 67 فیصد اور ٹرانسپورٹ کے سامان کی برآمدات میں 36 . 51 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔