راجن پور(این این آئی)راجن پور پولیس نے کچہ کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔آپریشن کے نتیجے میں انتہائی مطلوب عمرانی گینگ کے 11خطرناک ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔ پولیس نے کچہ عمرانی، سکھانی اور کچہ کراچی کے علاقوں میں ڈاکوؤں کیخلاف موثر ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جسکے دوران جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرونز کے ذریعے ڈاکوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی گئی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس نے ڈاکوئوں کے ٹھکانوں اور بنکرز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جبکہ سرنڈر کرنے والے ملزمان نے بھاری اسلحہ سمیت اپنے ہتھیار پولیس کے حوالے کر دئیے۔ڈی پی او راجن پور محمد عمران کے مطابق گرفتار ڈاکو اغوا، قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ملزمان کو قانون کے مطابق کارروائی کے بعد قرار واقعی سزا دلائی جائیگی۔ پولیس نے باقی ماندہ ڈاکوئوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کو فوری طور پر گرفتاری دینے یا سخت آپریشن کا سامنا کرنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک ڈاکوں کے سرنڈر کرنے پر راجن پور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیم کو شاباش دی۔