محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں،6 ملزمان گرفتار

January 23, 2022

پشاور(این این آئی)محکمہ ایکسائز خیبرپختونخواکا منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔اس سلسلے میں تھانہ ایکسائز پشاور ریجن نے تین مختلف کاروائیاں کیں ،پہلی کارروائی خفیہ اطلاع پر جی ٹی روڈ حاجی کیمپ اڈا کے قریب ہوئی، ملزمان صادق خان ولد عنایت اور سید محمد ولد گل محمد ساکنان علی مسجد تحصیل جمرود ضلع خیبر کو حراست میں لیتے ہوئے ان کے قبضہ سے 2060گرام ہیروئن برآمدکر لی،دوسری کارروائی موٹروے کے قریب رنگ روڈ پر ہوئی، ملزم اعظم خان کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 70گرام آئس اور 50 گرام ہیروئن برآمدکی جبکہ تیسری کاروائی خفیہ اطلاع پر رنگ روڈ موٹروے کے قریب ہوئی ،موٹر کار گاڑی کو روک کر تلاشی کے دوران 2400گرام چرس برآمدکرکے ملزمان ندیم شاہد ولد خادم حسین ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ ، سجاد حسین ولد منظور حسین ساکن ضلع جنگ اور عبداللہ ولد افنان خان ساکن پشاورجوکہ پولیس کانسٹیبل ہے کوموقع پر گرفتارکرلیا ہے۔ تینوں کارروائیوں میں مزید تفتیش کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔