• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوشہرہ کے پانچ بنیادی مراکز صحت میں سولر سسٹم نصب کردیئے گئے

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن کی خصوصی ہدایات پر نوشہرہ کے پانچ بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) میں سولر سسٹمز نصب کر دیے گئے ہیں، جس کا مقصد بجلی کی لوڈشیڈنگ اور تعطل کے باعث صحت کی سہولیات کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور عوام کو بلا تعطل طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔بی ایچ یو شیخی نوشہرہ میں 20 کلو واٹ کا ہائبرڈ سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے، جس میں 32 سولر پینلز، 20 کلو واٹ کا ہائبرڈ انورٹر اور 16،16 کلو واٹ کی گنجائش رکھنے والی دو لیتھیم بیٹریاں شامل ہیں۔ اسی طرح بی ایچ یو جلوزئی میں بھی 20 کلو واٹ کا ہائبرڈ سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے، جس میں 32 سولر پینلز، 20 کلو واٹ کا ہائبرڈ انورٹر اور 16،16 کلو واٹ کی دو لیتھیم بیٹریاں شامل ہیں۔بی ایچ یو ڈاگ بہسود نوشہرہ میں 20 کے وی اے کا سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے، جبکہ بی ایچ یو صالح خانہ اور بی ایچ یو انزاری میں بھی سولر سسٹمز نصب کیے گئے ہیں۔ دونوں مراکز صحت میں 10 کلو واٹ کے سولر پینلز، 15 کلو واٹ کے انورٹر اور لیتھیم بیٹری سسٹم فراہم کیے گئے ہیں۔ان سولر سسٹمز کی تنصیب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بار بار بجلی کی بندش کے دوران بنیادی مراکز صحت کی معمول کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی۔ بجلی کی مسلسل فراہمی سے طبی آلات، لیبارٹری و تشخیصی سہولیات، ادویات اور ویکسین کی مناسب اسٹوریج، روشنی، کمپیوٹرائزڈ نظام اور دیگر ضروری خدمات کو بلا تعطل جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔
پشاور سے مزید