پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل ساجد حسین شاہ نے صوبائی وزیر کو سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق، جدت اور ڈیجیٹل رابطوں سے متعلق مختلف منصوبوں اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کی تیاری، تحقیق و جدت، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے جاری منصوبوں پر تفصیلی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر شفیع جان نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے خود انحصاری اور صوبے کے معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈرون ٹیکنالوجی میں تحقیق، اس کے عملی استعمال اور مقامی سطح پر فضائی روبوٹکس کی ترقی کو فروغ دیا جائے۔شفیع جان نے کہا کہ مفت وائی فائی کی سہولت کا دائرہ پورے پشاور تک وسیع کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں،انہوں نے پشاور میں صوبے کے پہلے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میوزیم کے قیام، ای-رکشہ اور طلبہ کے لیے ای-بستہ منصوبے پر عملی پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی، صوبائی وزیر کو پاکستان میں پہلی بار خیبرپختونخوا میں تیار کی جانے والی مصنوعی جلد اور مختلف بیماریوں کی تشخیص کے لیے مقامی سطح پر تیار کردہ پی سی آر کٹس سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا،شفیع جان کو بتایا گیا کہ ٹیکنالوجی کی مقامی سطح پر تیاری اور درآمدی مصنوعات پر انحصار کم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام ہو رہا ہے جبکہ تین اہم بین الاقوامی ٹیکنالوجیز کی مقامی سطح پر اپنانے کا عمل بھی جاری ہے۔