برطانیہ میں ’’جے اینڈ کے یو کے ہیلتھ پروفیشنلز فورم‘‘ کا قیام

January 24, 2022

لوٹن (شہزاد علی) نئی تنظیم ’’جے اینڈ کے یو کے ہیلتھ پروفیشنلز فورم‘‘ کے نومنتخب جنرل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر محمود نے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کشمیر کے دونوں اطراف کے طبی ماہرین اور یونیورسٹی میڈیکل طلبہ کے تعاون سے چند روز قبل اس فورم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، اس فورم کا مقصد آزاد کشمیر کے اندر طبی شعبے میں برطانیہ سے رضاکارانہ بنیادوں پر مشورہ جات مہیا کرنا ہے تاکہ وہاں پر مریضوں، ڈاکٹرز اور ہسپتالوں کو مدد مہیا کی جاسکے ساتھ پی برطانیہ کے اندر کمیونٹی بچوں کی طب کے شعبے میں بہتر رول ماڈل کی پروموشن کے ذریعے حوصلہ افزائی ہو سکے اور مختلف کشمیری میڈیکل پروفیشنلز کے تجربات کو کمیونٹی کے وسیع بہتر مقاصد کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیا جاسکتا ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ چند سال سے اس امر کیلئے کوشاں تھے کہ جموں کشمیر کے میڈیکل پروفیشنلز کا ایک فورم تشکیل دیا جائے اب ایک تنظیم قائم کر دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ اس فورم کے کوئی سیاسی یا مالی مقاصد نہیں بلکہ اپنے لوگوں کی خدمت کے جذبے تحت آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے برطانیہ میں رہائش پذیر طبی ماہرین اکٹھا کرنا ہے جو یہاں کے قومی محکمہ صحت کے تجربات سے وطن عزیز کو بھی فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ شرکاء میں متعدد برٹش کشمیری میڈیکل ہیلتھ پروفیشنلز بشمول ڈاکٹرز، ڈینٹسٹ، نرسز، پیرا میڈیکس، فارماسسٹ، فزیو تھراپسٹ، برطانیہ بھر سے کنسلٹنٹس شامل ہیں۔ اس پلیٹ فارم کا استعمال نہ صرف برطانیہ میں بلکہ جموں و کشمیر میں ڈاکٹروں کو سکھانے اور تربیت دینے کے لیے اپنے خیالات کے تجربے اور مہارت کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں اور برطانیہ کے ماہرین صحت، جموں، کشمیر اور پاکستانی ماہرین صحت کے درمیان اچھے تعلقات استوار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورم صحت کے پیشہ ور افراد اور کمیونٹیز دونوں کی بہتری اور فوائد کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ ان کے بقول یہ فورم کشمیر کے پسماندہ اور دور دراز پہاڑی علاقوں میں عوام کو درپیش صحت عامہ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی کارآمد ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ وہ نومنتخب صدر ڈاکٹر سلمیٰ نور اور مشیر سر ڈاکٹر شکیل قریشی، پروفیسر ڈاکٹر محمد مقصود ابدالی، پروفیسر ڈاکٹر شمیم، پروفیسر ڈاکٹر مارین، ایگزیکٹو ممبران بلال خان، ڈاکٹر عاقب، جنید مغل، قمر سبحانی، ڈاکٹر گلزمان بٹ، عائشہ ظفر، ڈاکٹر مسعود الرحمان، ڈاکٹر جمیل گورسی، ڈاکٹر اعجاز، ڈاکٹر کاشف راجہ اور ڈاکٹر خواجہ مجتبیٰ اور دیگر کے ساتھ مل کر فورم کی سرگرمیوں کو آگے بڑھائیں گے ۔