برسلز: بیلجیئم، لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے 13ویں کھلی کچہری کا انعقاد

January 24, 2022

فوٹو: اسکرین گریب

برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ نے بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کےلیے 13ویں کھلی کچہری کا انعقاد ورچوئل فارمیٹ میں کیا۔

سفیرِ پاکستان برائے بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین ظہیر اسلم جنجوعہ نے گفتگو کا آغاز اپنے اور اپنی تمام ٹیم کی جانب سے نئے سال کی مبارکباد سے کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ سال ہم سب کے لیے خوشیوں اور مسرتوں کا سال ہو۔ سفیرِ پاکستان نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عوامی رابطے کا یہ سلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری و ساری ہے۔

ملکی معیشت کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے، سفیرِ پاکستان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے حجم اور شرح نمو میں رواں مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو اس سال کے لیے 5.37 فیصد شرح نمو کے ساتھ گزشتہ تین سالوں میں ریکارڈ کی جانے والی بلند ترین اقتصادی ترقی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وبائی امراض سمیت مختلف چیلنجز کے باوجود تمام معاشی اشاریے مثبت رہے جو حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے اور اس نے عالمی برادری سے بھرپور پذیرائی اور تعریف حاصل کی ہے۔

سفیرِ پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کا روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اقدام ایک شاندار کامیابی رہا ہے کیونکہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2021 کے آخر تک اسکیم کے تحت ترسیلات زر بڑھ کر 3.16 بلین ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر مقامی پاکستانیوں کے لیے اسکیم کو آسان اور پریشانی سے پاک بنانے کے لیے متعدد فیصلے کیے ہیں۔

سفیرِ پاکستان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کی وجہ سے جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ (جولائی سے دسمبر) میں پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 20 فیصد اضافے سے 1.06 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔

کورونا کی نئی لہر کا ذکر کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان نے کہا کہ اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ کورونا کی نئی قسم اور بھی زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے اس کے مدِنظر انتہائی احتیاط سے کام لیں کیونکہ احتیاط ہی اس وبا کے خلاف بہترین دفاع ہے۔

تقریب کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے وژن کے مطابق کیا گیا تھا تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات تک فعال انداز میں رسائی حاصل ہو۔

آن لائن کھلی کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

کمیونٹی ممبران نے سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا۔