جدید پی این ایس طغرل اور 10سی کنگ ہیلی کاپٹرز پاک بحریہ میں شامل

January 25, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی، وقائع نگار ) جدیدپی این ایس طغرل اور10سی کنگ ہیلی کاپٹرز پاک بحریہ میں شامل ،نیوی ڈاکیارڈکراچی میں تقریب، صدر علوی مہمان خصوصی، نیول چیف، گورنر سندھ ودیگر کی شرکت، پاک بحریہ کے لئے تعمیر کئے جانے والے چار 054ایلفا کثیر الجہتی فریگیٹس میں سے پہلے جہاز پی این ایس طغرل اور قطر کی تحفے میں دیے گئے 10 سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈکراچی میں منعقدکی گئی، صدر ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خطاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ جہاز پی این ایس طغرل اور سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی بیڑے میں شمولیت کو سراہا۔ انہو ں نےکہاجدید اور اعلی صلاحیتوں کا حامل پاک بحریہ کا بیڑہ سمندری حدود کا دفاع اورامن و استحکام کے فروغ میں کردار اداکرتا رہے گا۔ صدر مملکت نے موجودہ چیلنجنگ سکیورٹی ماحول میں بحری دفاع کے لئے جدید صلاحیتوں کے حامل سطح آب، زیر آب اور فضائی پلیٹ فارمز کی ضرورت پر زور دیا اور کہا ایسے پراجیکٹس باہمی اعتماداور تعاون کی علامت ہیں جو ہمارے دیرینہ دوست ممالک کے ساتھ قائم ہیں۔