کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں اسوقت خوف کا راج قائم جبکہ بلڈرز اور سرمایہ کار عدم تحفظ کا شکار ہیں،ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر عوام اور تاجر برادری کوتحفظ نہ دیا گیا تو شہر کے لوگ خاموش نہیں رہیں گے۔ حکومت اور مقتدرہ قوتوں نے سنجیدہ حل نہ نکالا تو اس کے اثرات ناصرف کراچی بلکہ ملکی معیشت کیلئے بھی تباہ کن ثابت ہونگے۔حیدری مارکیٹ سے آنے والے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے شہر میں بڑھتی ہوئی بھتہ خوری، تاجر برادری کو لاحق سنگین خطرات اور ریاستی خاموشی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر شہر کابلڈر، تاجر اور سرمایہ کار خوف کے عالم میں فیلڈ مارشل سے مدد کی اپیلیں کررہا ہے تو اسکا مطلب یہ ہے کہ سول ادارے اور حکومت ریاستی رٹ قائم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔