بورس جانسن کا مسلمان رکن پارلیمان کے الزامات کی تحقیقات کا حکم

January 25, 2022

لندن (اے ایف پی /جنگ نیوز )برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے مسلمان رکن پارلیمان اور سابق وزیر کے برطرفی سے متعلق الزامات پر تحقیقات کروانے کا حکم دے دیا ۔حکومتی ترجمان کاکہنا ہے کہ وزیراعظم نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے ،اس اقدام کے بعد مسلم رکن پارلیمان نے خیر مقدم بھی کیا۔ اے ایف پی کے مطابق حکومتی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نے مسلمان رکن پارلیمان نصرت غنی کے الزامات پر کابینہ کے دفتر سے تحقیقات کرنے کا کہا ہے۔سابق وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور کنزرویٹیو پارٹی کی رکن نصرت غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ مذہب کی بنیاد پر انہیں حکومت سے برطرف کیا گیا تھا۔ اس الزام کے بعد وزیراعظم بورس جانسن کے لیے ایک اور تنازع کھڑا ہو گیا ہے جنہیں پہلے ہی ’پارٹی گیٹ‘ سکینڈل کے باعث دباؤ کا سامنا ہے۔ابتدائی طور پر وزیراعظم نے نصرت غنی سے کہا تھا کہ وہ کنزرویٹیو پارٹی کے ذریعے شکایت درج کریں، تاہم انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔