یوکرین کشیدگی، 8ہزارسے زائد امریکی فوجی الرٹ،مشرقی یورپ میں تعیناتی ہوگی

January 26, 2022

برسلز(نیوزڈیسک)یوکرین کے معاملہ پرجاری کشیدگی کے باعث 8 ہزار500 امریکی فوجیوں کوہائی الرٹ کردیا گیا ،نیٹوکی جانب سے درخواست ملنے پر امریکی فوجیوں کو ریپڈ ری ایکشن فورس کے حصے کے طورپرتعینات کیا جائے گا، امریکی فوجیوں کو روس کی سرگرمیاں دیکھتے ہوئے علاقے میں تعینات کیا جاسکتا ہے، امریکی فوجیوں کو براہ راست یوکرین میں تعینات نہیں کیا جائے گا۔ امریکی سیکرٹری دفاع لائٹ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی ہدایت پرفوج کوہائی الرٹ پر رکھا ہے، صورت حال کشیدہ ہوئی تو8500 امریکی اہلکار یورپ بھیجیں گے۔ سیکریڑی دفاع کے مطابق امریکی فوجیوں کومشرقی یورپ میں تعیناتی کے لیے الرٹ کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترجمان پینٹاگون کا کہنا ہے کہ روس کی یوکرائن اوربیلاروس کی سرحد پرنقل وحرکت تشویش کاباعث ہے تاہم ابھی فوجیوں کویورپ بھیجنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ترجمان پینٹاگون کے مطابق نیٹواتحادیوں کی مشاورت سے فوج کو یورپ بھیجا جائے گا۔ پینٹاگون نے روس کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی میں کمی کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے جبکہ روس کی جانب سے یوکرائن سرحد پر فوجیوں کو جمع کرنا جاری رکھا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ یوکرائن تنازعے کو لے کر روس اور امریکا کے کے درمیان شروع ہونے والی لفظی جنگ اب عملی اقدامات میں بدلنے لگی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے روس کے خلاف مہلک ہتھیاروں کی 90 ٹن وزنی کھیپ یوکرائن پہنچادی ہے جس کے بعد خطے میں جنگ کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔