عمران خان نے بدعنوانی کے خاتمے کا وعدہ پورا نہیں کیا، سعید مغل ایم بی ای

January 27, 2022

برمنگھم (پ ر) سابق مشیر آزاد کشمیر حکومت محمد سعید مغل ایم بی ای نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ ان کے مشیر برائے داخلہ اور احتساب شہزاد اکبر کے استعفیٰ دینے سے احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ سعید مغل نے کہا وزیراعظم پاکستان نے تحریک انصاف کی بنیاد ہی کرپشن کے خلاف اور کرپٹ سیاست دانوں، بیوروکریسی جنہوں نے ملک سے پیسہ لوٹ کر بیرون ملک منتقل کیا تھا اور اس پیسے سے امریکہ، برطانیہ، کینیڈا و دیگر ملکوں میں جائیدادیں خریدی تھیں، وہ پیسہ واپس لانا اور ان لوگوں کو سزائیں دلوانا تھا مگر ان میں سے کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں ہوا، وزیراعظم کے یہ نعرے دھرے کے دھرے رہ گئے ، کرپشن پہلے سے بھی زیادہ ہے ،وزیراعظم کہتے تھے میں کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑوں گا کسی کو سزا نہیں ملی کیونکہ جب تک نظام تبدیل نہیں ہوگا اس میں ممکن ہی نہیں کہ کرپشن نہ ہو اور عوام سے ناانصافیاں نہ ہوں، وزیراعظم کی ناکامی کی وجہ ان کے مشیر ہیں۔ انہوں نے کہا احتساب نعروں اور تقریروں سے نہیں ہوتا بلکہ عملی طور پر کرنے سے ہوتا ہے، احتساب بلاتفریق سخت ہونا چاہئے۔