کسان اتحاد کا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف احتجاج ، ٹریفک درہم برہم

January 28, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) کسان اتحاد کی جانب سے بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں بے تحاشا ٹیکسوں، مہنگے زرعی آلات اور کھادوں کی بلیک میں فروخت کے خلاف میپکو ہیڈکوارٹر خانیوال روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ کسان اتحاد کے رہنماوں کی جانب سے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے ہیڈکوارٹر کے باہر سہ پہر چار بجے احتجاجی دھرنا شروع کیا گیا جو رات گئے تک جاری رہا احتجاجی دھرنے میں کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر کسان اتحاد کے کے رہنما کیپٹن (ر)محمد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں میں بے تحاشا ٹیکسوں کی بھرمار ہے کسان بجلی کے بل ادا کرے یا اپنی فصلوں کی کاشت کے لیے بیج کھاد اور سپرے وغیرہ خریدے، حالیہ مہینوں میں بجلی کے بلوں نے غریب کسانوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے میپکو کی جانب سے کسانوں کو کوئی سبسڈی فراہم نہیں کی جارہی ۔احتجاجی دھرنے کے باعث شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ خانیوال روڈ سمیت معصوم شاہ روڈ، چوک کمہاراں والا، رشیدآباد ، 9نمبر چونگی اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک شدید جام رہی۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لئے کوئی پلان جاری نہ کیا گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ آخری اطلاعات کے مطابق کسان رہنماؤں کو مذاکرات کے لئے کمشنر نے بلا لیا ۔