مفتی منیب الرحمان کا جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم

January 28, 2022


معروف عالم دین اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ علمائے اہلسنّت نے اس معاملے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے، پر امن جدوجہد اور مذاکرات سے مسائل کو حل کرنا ایک قابلِ تحسین روش ہے۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے، پرامن سیاسی جدوجہد، مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنا ایک قابل تحسین روش ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ذمے دار اتھارٹیز کی طرف سے اس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ سندھ ترمیمی بلدیاتی قانون 2021ء میں تبدیلی کے لیے جماعتِ اسلامی اور حکومت سندھ کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے جس کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔

اس معاہدے کے نتیجے میں جماعتِ اسلامی نے 29 روز سے سندھ اسمبلی پر جاری اپنا دھرنا ختم کردیا۔

جماعتِ اسلامی اور حکومتِ سندھ کے درمیان ہونے والے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء اور ترمیمی بل 2021ء میں ترامیم کے معاہدے کے مسودے کے مطابق طویل مذاکرات کے بعد دونوں جانب سے درج ذیل امور پر اتفاقِ رائے ہو گیا جن کو سندھ حکومت 2013ء کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں صوبائی اسمبلی میں ترمیم کے ذریعے روبہ عمل لائے گی، نیز جن امور پر رولز بنانے یا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی ضرورت ہے وہ 2 ہفتوں میں سندھ حکومت سر انجام دے گی۔