کنگنا رناوت کی نواز الدین کو نئے گھر کی مبارکباد

January 29, 2022

تنازعات میں گھری رہنے والی بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت نے اداکار نواز الدین صدیقی کو نیا گھر ڈیزائن کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کنگنا رناوت نے خود نواز الدین کی طرف سے ڈیزائن کیے گئےاُن کے گھر کو خوبصورت قرار دیا۔

جمعرات کو نواز الدین صدیقی کے ممبئی میں نئے گھر بلکہ شاندار بنگلے کی پہلی جھلک سامنے آئی۔

کنگنا رناوت جو نواز الدین کی فلم ’ٹکو ویڈز شیرو‘ کو پروڈیوس کررہی ہیں نے اداکار کے نئے گھر کی خوب تعریف کی۔

اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بالی ووڈ کوئین نے ایک تصویر شیئر کی اور بتایا کہ لان میں کیمرے کی طرف پیٹھ کئے نواز الدین صدیقی بیٹھے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نواز الدین نے گھر خود ڈیزائن کیا ہے جو کہ بہت خوبصورت ہے، انہیں بہت بہت مبارک ہو۔

بالی ووڈ اداکار نے اپنے مرحوم والد نواب الدین صدیقی کی یاد میں نئے گھر کا نام نواب رکھا ہے اور انہوں نے اس کی تزئین و آرائش کی خود نگرانی کی ہے۔