رضوان کی پاور ہٹنگ بہتر بنانے کا سہرا شاہد آفریدی، حفیظ کے سر

January 29, 2022

کراچی (جنگ نیوز) محمد رضوان نے اپنی پاور ہٹنگ کو بہتر بنانے میں مدد کا سہرا شاہد آفریدی اور محمد حفیظ کو دیا ہے۔ 29 سالہ وکٹ کیپر نے کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں کہا کہ میں نے اپنی پاور ہٹنگ پر تھوڑا سا کام کیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے حفیظ بھائی اور شاہد بھائی نے مجھے کچھ اس پر کام کرنے کیلئے کچھ مشورے دیئے تھے۔ خیال رہے کہ رضوان نے 2021ء میں 2036 رنز بنائے۔ اس میں سے 1326 رنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلوں میں اسکور کیے گئے ہیں جو کیلنڈر ایئر میں کسی بھی بیٹر کی بہترین کارکردگی ہے ۔ انہوں نےپی ایس ایل سیون کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز کیخلاف نصف سنچری کے دوران 3 چھکے لگائے ۔2021 میں سب سے زیادہ چھکے (42) مارنے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے اس سال 41 چھکے لگائے تھے۔ انہیں اس ہفتے کے شروع میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ رضوان نے 2021 میں 119 چوکے بھی لگائے اور ایک کیلنڈر ایئر میں 100 چوکے لگانے والے واحد بیٹر بھی بن گئے۔