نیول فارمز کے عدالتی فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر اعتراضات عائد

January 29, 2022

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے وزارت دفاع کی جانب سے نیوی سیلنگ کلب اور نیول فارمز کے حوالے سے عدالتی فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر دفتری اعتراضات عائد کر دئیے ہیں۔ وزارت دفاع نے نیوی سیلنگ کلب اور نیول فارمز کے عدالتی فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹراکورٹ اپیل دائر کی جس میں سنگل بنچ کے 7جنوری کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ وزارت دفاع کی انٹراکورٹ اپیل میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی1992کی ہدایات پر واٹر سپورٹس سنٹر کی سہولت قائم کی ،چیف جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بینچ کے فیصلے میں دی گئی آبزرویشنز مورال میں کمی کا سبب بنی ہیں لہٰذا سنگل بنچ کے 7 جنوری کے فیصلے اور اس میں نیوی اور مسلح افواج کے خلاف آبزرویشنز کالعدم قرار دی جائیں، سی ڈی اے کو نیول فارمز کا قبضہ لینے سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف نیول فارمز کے رہائشیوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے۔