صالح نوجوان پوری امت کا اثاثہ اور قوم کا مستقبل ہیں، ذکر اللہ مجاہد

January 29, 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ صالح نوجوان پوری امت کا اثاثہ اور قوم کا مستقبل ہیں۔نوجوانوں کی سیرت وکردار کی تعمیر کا واحد ادارہ اسلامی جمعیت طلبہ ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ کا نوجوانوں کی تعلیمی، اخلاقی، نظریاتی، سیاسی اور فنی تربیت میں مثالی کردار ہے ۔ جمعیت سے فارغ نوجوان اس وقت پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ نوجوانوں نے کسی بھی انقلابی اور آزادی کی تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی آزادی کی تحریک میں بھی نوجوانوں کا کردار روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر میں اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام طلبہ کیلئے مثبت سرگرمیوں پر مشتمل پروگرام سی لاہور کی تقریب سے طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔