حیسکو کے پاور ٹرانسفارمر میں خرابی، درجنوں علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ، شہری بلبلا اٹھے

May 09, 2022

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں حیسکو کے پاور ٹرانسفارمر میں خرابی، درجنوں علاقوں میں بدترین لوڈ شیڈنگ، متاثرہ فیڈرز سے منسلک علاقوں میں ہر دو گھنٹے بعد دو گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے ساتھ دیگر علاقوں میں بھی 10سے 14گھنٹے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شدید گرمی کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے، حیسکو کی پورےسال مرمت و دیکھ بھال کے نام پر گھنٹوں بجلی کی بندش کے باوجود فالٹس معمول بنے ہوئے ہیں، جبکہ حیسکو ترجمان کے مطابق کوہسار گرڈ اسٹیشن پر نصب 40ایم وی اے پاور ٹرانسفارمر میں فنی خرابی کی وجہ سے 8فیڈرز سے منسلک علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے، جن کو متبادل طریقے سے ہر دو گھنٹے بعد دو گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے، ٹرانسفارمر کی تبدیلی میں 8سے 10روز لگ سکتے ہیں، حیدرآباد سمیت حیسکو ریجن میں شدید گرمی اور حبس کے باوجود حیسکو نے بدترین لوڈ شیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے، عید سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس پر لیسکو و دیگر کمپنیوں میں لوڈ شیڈنگ کم کرنےپر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے لیکن حیسکو نے تاحال 10سے 12گھنٹے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے، ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کوہسار گرڈ اسٹیشن سے منسلک40ایم وی اے پاور ٹرانسفارمر فنی خرابی کے باعث بند ہوگیا، جس کی وجہ سے بورڈ اسٹیڈیم، نیو اسٹیڈیم، ایس آر سی، سول ایوی ایشن ایل- 9،نیو- 6،ایل 11,7,5اور ایل 8 سمیت پبلک اسکول فیڈرز سے منسلک لطیف آباد نمبر 5,6,7,8,9,11 و دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹے بند رہی، بعدازاں مذکورہ فیڈرز کو متبادل پاور ٹرانسفارمر سے ہر دو گھنٹے بعد دو گھنٹے بجلی فراہم کی گئی، شدید گرمی اور حبس کے دوران 2,2 گھنٹے تک بجلی کی بندش کے باعث شہری بلبلا اٹھے، شہریوں کے مطابق حیسکو پورا سال مرمت و دیکھ بھال کے نام پر 6سے 8گھنٹے بجلی بند کرتے ہیں، پھر بھی آئے روز گرڈ اسٹیشن، فیڈرز اور ٹرانسفارمرز میں خرابی اور جلنا معمول بنا ہوا ہے، شہر میں روزانہ 40سے 50ٹرانسفارمرز خراب ہونے یا معمولی فنی خرابی کی وجہ سے شہری کئی دن تک بجلی سے محروم رہتے ہیں جس پر حیسکو حکام اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے، حیسکو ترجمان کے مطابق ٹی ون پاور ٹرانسفارمر میں فنی خرابی کی وجہ سے ٹی 2 پاور ٹرانسفارمر کے 7 فیڈرز سے منسلک علاقوں میں بھی ہر دو گھنٹے بعد دو گھنٹے بجلی کی فراہمی بند رہے گی۔