• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی سی کی زیر صدارت اجلاس، کرپشن کی زیر التواء انکوائریوں کا جائزہ

دادو( نامہ نگار ) 8اگست 2025ضلعی سطح پر کرپشن کے خاتمے اور شفاف طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے اینٹی کرپشن کمیٹی-3 کے تحت ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر دادو سید مرتضیٰ علی شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سرکل آفیسر اینٹی کرپشن سید شہریار علی، ڈی ایس پی نظیر ملاح، دیگر افسران اور کمیٹی اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع میں زیر التواء کرپشن انکوائریوں، شکایات اور ان پر اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی ہدایات پر کرپشن کے خلاف ضلعی سطح پر مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ اینٹی کرپشن کمیٹی-3 کا بنیادی مقصد نچلی سطح پر بدعنوان عناصر کے خلاف شفاف اور قانونی کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ انکوائریوں میں شفافیت کے لیے مطلوبہ دستاویزات، رپورٹس اور فائلیں بروقت فراہم کریں۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن سید شہریار علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی سطح پر کرپشن کی متعدد شکایات زیر التواء ہیں جن پر جلد پیش رفت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر سنا جا رہا ہے تاکہ بدعنوانی کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ بین المحکماتی تعاون کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور کمیٹی کے اجلاس ماہانہ بنیادوں پر منعقد کیے جائیں گے تاکہ زیر التواء انکوائریوں کی نگرانی جاری رکھی جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سید مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ شفافیت، دیانتداری اور احتساب ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور کرپشن جیسے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

سندھ بھر سے سے مزید