گرمی کے موسم میں پہناوا کیسا ہوناچاہیے؟

May 13, 2022

فوٹو، فائل

گرم دن کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلی بنیادی چیز انسان کا پہناوا ہے، آ پ کا پہناواجتنا آرام دہ ہوگا، آپ گرمی کو اتنی ہی آسانی سے مات دے پائیں گے۔

موسم گرما اپنے پہناوے میں درج ذیل چند ضروری باتوں کا خیال لازمی رکھیں؛

1-ہلکے رنگ کے کپڑے

آپ نے اکثر ٹی وی کمرشل، ڈراموں یا فلموں میں دیکھا ہوگا کہ ساحلِ سمندر پر عکس بندی کے دوران اداکار یا ماڈل عموماً سفید رنگ کے کپڑے پہنے نظر آتے ہیں۔ ایسا اس لیے کرتے ہیں کہ سفید رنگ گرمی کا مقابلہ کرنے کے لیےبہترین تصور کیاجاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق گہرے رنگ کے کپڑوں میں زیادہ گرمی محسوس ہوتی ہے، جبکہ اس کے برعکس ڈھیلے ڈھالے اور ہلکے رنگ کے کپڑوں میں پسینہ جلدی خشک ہوجاتا ہے اور انسان خود کو آرام دہ محسوس کرتا ہے۔

2- سن گلاسز

موسم گرما میں آنکھوں کو سورج کی مضر شعاعوں سے محفوظ رکھنے کے لیے سن گلاسز کا استعمال کیا جاتاہے۔ گرمیوں میں آنکھوں کوآلودگی اور سورج کی الٹراوائلٹ (UV Rays) یعنی شعاعوں سےمحفوظ رکھنے کے لیے ایسے سن گلاسز کا انتخاب کریں، جو 90 سے 100فیصد شعاعیں روکنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

3- سمر کیپ

موسم گرما میں گھر سے باہر نکلتے ہوئے کیپ کا استعمال کیجئے۔ یہ کیپ آپ کے چہرے کو سورج کی مضر شعاعوں سے محفوظ رکھنے کا ذریعہ ہے، جوکہ بعد میں مسام کھل جانے یا جھریوں کی صورت نقصان دہ اثرات نمایاں کرتی ہیں۔

4- سن اسکرین

چلچلاتی دھوپ میں سورج کی شعاعوں سے محفوظ رہنے کے لیے ڈرماٹولوجسٹ ابتدائی عمر سے ہی سن اسکرین کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔

سن اسکرین خصوصی طور پر سورج کی تیز اور جلادینے والی تپش سے چہرے سمیت جسم کے دیگر حصوں کو محفوظ بنانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔