بجلی کی طویل بندش کے خلاف لیاری و دیگر علاقوں کے مکینوں کا مظاہرہ

May 14, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ حب ریور روڈ، لیاری میراں ناکہ اور گارڈن اور دھوبی گھاٹ کے مکینوں نے بجلی کی طویل بندش کے خلاف بلدیہ حب ریور روڈ ناردرن بائی پاس کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، احتجاج کے باعث شہری گھنٹوں شدید گرمی اور بد ترین ٹریفک جام میں پھنےرہے۔تفصیلات کے مطابق شدید ترین گرمی کے باوجود شہر کے بیشتر علاقوں کے الیکڑک کی جانب سے غیر اعلانیہ بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ بلدیہ حب ریور روڈ ناردرن بائی پاس کے قریب شہریوں کی کثیر تعداد نے علاقے میں بجلی کی طویل بندش پر سراپا احتجاج بن گئے ،مشتعل مظاہرین نے رووڈ بلاک کردیا ، اسی طرح گارڈن دھوبی گھاٹ اور لیاری میراں ناکہ کے قریب سیکڑوں کی تعداد میں علاقہ مکین جمع ہوئے اور بجلی اور پانی کی بندش پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہمارے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے شدید گرمی میں سارا دن اور رات بجلی کی بندش رہتی ہے۔