کراچی (اسٹاف رپورٹر )سرجانی ٹاؤن میں گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی،مقتولہ کو اس کے سابقہ منگیتر نے شادی کے بہانے گھر بلاکر آہنی راڈ کے وار کر کے قتل کیا، متوفیہ کومل تین روز قبل اپنے شوہر کے گھر سے بھاگ کرملزم راشد کے پاس آگئی تھی ، تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر 50ای میں واقع مکان سے ملنے والی 19 سالہ کومل زوجہ فرحان کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس کے مطابق مقتولہ کی چند سال قبل راشد نامی شخص سے منگنی ہوئی تھی جو بعد ازاں روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک چلا گیا تھا ، کافی عرصہ تک رابطہ نہ کرنے پر کومل کے گھر والوں نے اس کی فرحان نامی شخص سے شادی کر دی تھی، کچھ روز قبل راشد بیرون ملک سے واپس آیا اور اس نے کومل سے رابطہ کر کے شادی کی خواہش ظاہر کی ،کومل نے راشد کے کہنے پر اپنے شوہر سے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا،پولیس نے بتایا کہ راشد نے 12 روز قبل مزکورہ گھر کرائے پر لیا تھا،کومل تین روز قبل اپنے شوہر کے گھر سے بغیر بتائے بھاگ کر راشد کے پاس آگئی اور گزشتہ تین روز سے اسی گھر میں رہ رہی تھی،ملزم راشد نے فرار ہونے سے قبل اپنی والدہ کو فون کر کے اطلاع کر دی کہ اس نے کومل کو قتل کر دیا ،پولیس نے مقتولہ کی والدہ رافیہ زوجہ غلام حسین کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ سرجانی ٹاؤن تھانے میں قتل کی دفعہ کے تحت مقتولہ کے سابقہ منگیتر وکزن راشد مگسی کے خلاف درج کرلیا ہے۔